چیئرمین قومی احتساب بیورو کا وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کراچی میں بزنس کمیونٹی سے خطاب

91

کراچی۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے کراچی میں ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر دارو خان اچکزئی اور دیگر ممتاز بزنس کمیونٹی نے چیئرمین نیب کا بھرپور خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی بریگیڈیئر (ر) فاروق نصیر اعوان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ہمیشہ بزنس کمیونٹی کا احترام کرتا ہے کیونکہ بزنس کمیونٹی ملک کی ترقی و خوشحالی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اپنے بورڈ میٹنگ اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور کرنے کے لئے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جو کہ قانون کے مطابق ان کی حقیقی شکایات کا ازالہ کرے گی۔ انہوں نے یہ کمیٹی نیب آرڈیننس 1999ء کے سیکشن 33 سی کے تحت یہ کمیٹی قائم کی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کی یہ کمیٹی بزنس کمیونٹی کی سفارشات کا جائزہ لے گی اور ان کو حتمی شکل دے کر چیئرمین نیب کو بھیجے گی جس کی بنیاد پر چیئرمین نیب بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ہدایات جاری کریں گے۔ بزنس کمیونٹی براہ راست بھی اپنی شکایات چیئرمین نیب کو بھیج سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیٹی سابق صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک، صدر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت دارو خان اچکزئی، سابق صدر بینک الفلاح عاطف باجوہ، سابق صدر ایوان صنعت و تجارت لاہور انجم نثار، چیئرمین ملت ٹریکٹرز سکندر مصطفی خان اور سٹیزن پولیس لیزان کمیٹی کراچی کے سابق سربراہ جمیل یوسف شامل ہیں۔ بزنس کمیٹی قانون کے مطابق باہمی مفاہمت کے تحت بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرے گی تاہم چیئرمین نیب کا فیصلہ حتمی ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنس سے متعلق شکایات جو پہلے دائر ہو چکی ہے ان پر غور نہیں کیا جائے گا، بزنس کمیٹی کا کام مشاورتی قسم کا ہو گا اور اسے نیب کی جانب سے کوئی اختیار نہیں دیا گیا۔ نیب بزنس کمیونٹی کا احترام کرتا ہے اور ملکی معیشت کی ترقی، خوشحالی اور بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے کیونکہ نیب کا تعلق ریاست پاکستان اور اس کی خوشحالی سے ہے۔ بزنس کمیونٹی نے چیئرمین نیب کی بزنس کمیونٹی کے مسائل قانون کے مطابق حل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب معاشرے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی سے کہا کہ وہ اپنے کاروبار پر توجہ دے کیونکہ نیب ہر شہری کی عزت نفس کا احترام کرتا ہے، انسان اور کاروبار دوست ادارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب ٹیکس سے متعلق کسی بھی مقدمے کی پیروی نہیں کر رہا ہے اور نہ ہی ٹیکس مقدمات کھولے جائیں گے اور ایسے مقدمات ایف بی آر کو بھیجے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب بینک نادہندگی کے مقدمات میں براہ راست کارروائی نہیں کرے گا بلکہ سٹیٹ بینک یہ مقدمات نیب کو بھیجتا ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب ان لوگوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے جن کو ماضی میں ہاتھ بھی نہیں لگایا جا سکتا تھا، وہ جیلوں میں ہے، ہم ان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے اور ان سے لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائیں گے۔ چیئرمین نیب نے بزنس کمیونٹی کے سوالات کے صبر و تحمل سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ نیب کا کسی گروپ، فرد یا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، ملک کی ترقی اور خوشحالی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب بلا امتیاز احتساب کر رہا ہے، نیب عوام کی خدمت پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر 100 ارب روپے کا قرضہ ہے جس کے لئے قرضہ لیا گیا اس مقصد کے لئے خرچ نہیں کیا گیا، ہسپتالوں میں بستر نہیں ہیں، طالب علموں کو یونیورسٹیوں میں داخلے نہیں ملتے۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری میں فرق ہے۔ انہوں نے جعلی ہائوسنگ سوسائٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہائوسنگ سوسائٹیوں نے غریبوں سے پرکشش اشتہارات کے ذریعے محنت کی کمائی لوٹی اور ان کے پاس کوئی اراضی بھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہر غریب کا مقدمہ ان کے لئے اہم مقدمہ ہے۔ قبل ازیں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر دارو خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے ذاتی طور پر بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے عزم اور کوششوں کو سراہا جس کے باعث بزنس کمیونٹی کا اعتماد دوبارہ بحال ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے دورے اور ان سے ذاتی حیثیت سے میں ملاقات سے بزنس کمیونٹی کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، نیب ہمارا نکتہ نظر سن رہا ہے، بزنس کمیونٹی ملک کی ترقی کے لئے مزید اعتماد کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے چیئرمین نیب کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کرنے کیلئے کے لئے چھ رکنی کمیٹی قائم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر دارو خان اچکزئی نے چیئرمین نیب کو شیلڈ بھی پیش کی۔
nsr/aht/zhm/asr 1900