چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کا قائداعظم یونیورسٹی کے زیراہتمام تقریب سے خطاب

116

اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق نے کہا ہے کہ سکالرز کا کام نہ صرف آئیڈیاز دینا ہے بلکہ ریاست کو درپیش چیلنجز کا حل بھی پیش کرنا ہے جبکہ سیاستدانوں کا کام ان آئیڈیاز پر عملدرآمد کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں قومی ادارہ برائے تحقیق تاریخ و ثقافت، مرکز فضیلت قائداعظم یونیورسٹی کے زیراہتمام شہید بے نظیربھٹو یونیورسٹی پشاور اور پیڈا کے اشتراک اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 24ویں آئی اے ایچ اے کانفرنس بعنوان ایشین ہسٹری، کلچر اینڈ انوائرمنٹ:ورنیکولر اینڈ اورینٹل پیراڈائم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدیق الفاروق نے کہاکہ قومی ادارہ برائے تحقیق تاریخ و ثقافت مبارکباد کا مستحق ہے کہ اس نے تاریخ سے دل چسپی رکھنے والے نامورقومی و بین الاقوامی سکالرزکی کہکشاں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اورمنفرد کانفرنس کا انعقاد کیا جس سے تاریخ کے شعبہ میں ایک نیا باب رقم ہو گا اور نئے نکات سامنے آئیں گے اور اس پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سکالرز کا کام نہ صرف آئیڈیاز دینا ہے بلکہ ریاست کو درپیش چیلنجز کا حل بھی پیش کرنا ہے جب کہ سیاست دانوں کا کام ان آئیڈیاز پر عملدرآمد کرنا ہے۔