چیئرمین محمد ادریس کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس ،بجلی کے نرخ کم کم کرنے کی ہدایت

142

اسلام آباد۔9جنوری (اے پی پی):قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی (پاور ڈویژن) نے بجلی کے بلوں میں اضافہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاور ڈویژن اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ہدایت کی ہے کہ بجلی کے نرخ کم کئے جائیں اور مختلف مدوں میں اضافی ٹیکسوں کی وصولی سے گریز کیا جائے۔قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین محمد ادریس کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی نے بجلی کے بھاری بلوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور پاور ڈویژن اور نیپرا کو ہدایت کی کہ بجلی کے نرخوں کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات کریں ۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ آئندہ اجلاس میں چیئرمین نیپرا کو اس معاملے پر جامع بریفنگ کے لئے مدعو کیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن اپنے اپنے حلقوں میں بجلی کی چوری روکنے کے لیے سروے کرتے ہوئے اراکین پارلیمنٹ کی خدمات حاصل کرے تاکہ ان کے متعلقہ علاقوں میں غیر ضروری لوڈ شیڈنگ سے بچا جا سکے۔

کمیٹی نے انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز ) کے معاہدوں پر نظرثانی کرکے سرکاری خزانہ پر بوجھ کم کرنے کی پاور ڈویژن کی کوششوں کو سراہا۔ تاہم کمیٹی نے ہدایت کی کہ پاور ڈویژن اس کے فوائد بجلی کے صارفین تک پہنچانے کے لئے جامع اقدامات کرے۔ قبل ازیں وزیر توانائی (پاور ڈویژن) نے کمیٹی کو بتایا کہ موجودہ حکومت صارفین پر بجلی کے مالیاتی بوجھ کو کم کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور بجلی کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 70 فیصد ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کر دیا گیا ہے اور صنعتی شعبے کیلئے بجلی کی قیمت میں کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ کمیٹی کی طرف سے ہر اچھی تجویز کا خیرمقدم کیا جائے گا اور بجلی صارفین کی سہولت کے لئے پالیسی سازی میں شامل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی راجہ قمر الاسلام، شیخ آفتاب احمد، سیدہ نوشین افتخار، رانا محمد حیات خان، محمد شہریار خان مہر، خورشید احمد جونیجو، نعمان اسلام شیخ، سید ابرار علی شاہ ،جنید اکبر، ملک انور تاج، شیر علی ارباب، سید مصطفی کمال، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، حاجی امتیاز احمد چوہدری ،علی افضل ساہی اور ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو کے علاوہ پاور ڈویژن کے افسران نے شرکت کی ۔