چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد کا سیرت رحمتہ للعالمینﷺ کا نفرنس سے خطاب

265
دنیا کی تمام مشکلات اور مسائل کا حل سیرت نبویﷺ کی پیروی میں ہے، مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد

چارسدہ ۔13ستمبر (اے پی پی):خطیب و امام بادشاہی مسجد اور چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ سیرت رحمتہ للعالمینﷺ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اسلام انسانیت کے احترام کا درس دیتا ہے، آج ”پیغام پاکستان” پاکستان کے ہر گھرکی آواز ہے، سیلاب زدگان کی مدد پوری قوم کی ذمہ داری ہے، افواج پاکستان نے سیلاب متاثرین کیلئے جو کردار ادا کیا وہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار باچا خان اسلامک ریسرچ فائونڈیشن کے زیراہتمام منعقدہ سیرت رحمتہ للعالمینﷺ کا نفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ایمل ولی خان صوبائی صدر اے این پی، مولانا گوہر شاہ، امیر جمعیت علماء اسلام چار سدہ مولانا ادریس، شیخ الحدیث جامعہ حقانی آکوڑہ خٹک، الحاج ملک طارق اعوان، معصوم بادشاہ، پیر آفتاب نقشبندی اور دیگر علماء کرام کے ساتھ ساتھ ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

مولانا سیّد محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ سیرت رحمتہ للعالمینﷺ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، آج ہمیں ایسی کانفرنسوں کا انعقاد ہر سطح پر کرنے کی ضرورت ہے، حضورﷺ کی سیرت پر عمل کرکے ہی ہم کامیاب ہو سکتے ہیں، آپﷺ کی سیرت احترام انسانیت کا عظیم درس دیتی ہے، آپﷺ کو سارے جہانوں کے لیے رحمت بنا کر بھیجا گیا اور آپﷺ کا فرمان ہے کہ مومن مومن کا بھائی ہے، آج ہمیں مذہبی ہم آہنگی و رواداری کے لیے سیرت النبیﷺ سے روشنی حاصل کرکے کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آنے والا مہینہ ربیع الاول کا ہے جس کو ہم سب مل کر منائیں گے، ہمارے لیے نبی کریمﷺ کی ذات سے بڑھ کر کوئی نہیں، نبی کریمﷺ کی سیرت ہمیں وحدت و اتحاد کا درس دیتی ہے۔ مولانا سیّد محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پیغام پاکستان نبی کریمﷺ کی سیرت کی روشنی میں پاکستان کا جو عظیم بیانیہ بنایا گیا آج اس کو ہر گھر کی آواز بنانے کی ضرورت ہے، یہ وہ بیانیہ ہے جس نے دہشت گردی و انتہا پسندی کی کمر کو توڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے جو لوگ متاثر ہوئے ان کیلئے جو قوم نے دل کھول کر مدد کی اور حکومت اور افواج پاکستان نے جس طرح سیلاب زدگان کو بچانے میں اپنا کردار ادا کیا، وہ لائق تحسین ہے، ہم اس موقع پر اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنی اخلاقی قدریں بنانے کی ضرورت ہے جس کا درس نبی کریمﷺ کی سیرت سے ملتا ہے۔

آخر میں مولانا سیّد محمد عبدالخبیر آزاد نے باچا خان اسلامک ریسرچ فائونڈیشن اور منتظمین کانفرنس کا شکریہ ادا کیا اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی، استحکام پاکستان، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ، مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی آزادی اور سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔