اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):چیئرمین نادرا طارق ملک سے پاکستان میں نائجیریا کے ہائی کمشنر احمد روفائی ابو بکر نے وفد کے ہمراہ نادرا ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ چیئرمین نادرا طارق ملک نے وفد کو نادرا کے مختلف آپریشنز اور ملک بھر میں یونیورسل آئی ڈی رجسٹریشن کوریج کے حصول اور سرکاری و نجی شعبے کے مختلف اقدامات کی معاونت کے لئے قومی شناختی ڈیٹا کے استعمال میں کامیابی سے متعلق آگاہ کیا۔
بریفنگ کے دوران طارق ملک نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان کی "لک افریقہ پالیسی” کے بعد نادرا نائجیریا، کینیا، سوڈان اور صومالیہ میں بہت سے سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ نادرا نے نہ صرف نائجیریا میں تعطل کے شکار شناختی کارڈ پروگرام کی بحالی میں اہم کامیابی حاصل کی ہے بلکہ’ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی’ کے تحت اتھارٹی نے نیشنل آئی ڈی مینجمنٹ کمیشن (این آئی ایم سی) نائجیریا کے تکنیکی عملے کو آزادانہ طور پر چلانے کے لئے لیس اور بااختیار بنایا ہے۔ ہائی کمشنر احمد روفائی ابوبکر نے طارق ملک اور نادرا ٹیموں کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے نائجیریا کی حکومت کے لئے قومی شناختی کارڈ کے اعداد و شمار اور نائجیریا میں موجود دیگر مختلف نظاموں کے ساتھ اس کے روابط کا فائدہ اٹھانے کے لئے نادرا کی تکنیکی خدمات حاصل کرنے کی خواہش کابھی اظہار کیا۔چیئرمین نادرا طارق ملک نے وفد کو یقین دلایا کہ نادرا آئی ڈی سے متعلق منصوبوں میں جی ٹو جی کی ہر ممکن معاونت ضرور کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام نظاموں کو نائجیریا کے قومی شناختی نظام کے ساتھ جوڑنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے جس سے نائجیریا کی حکومت کو اخراجات میں بچت ہو گی۔
نائجیریا کے ہائی کمشنر نے نائجیریا کے لئے ایک مضبوط شناختی نظام تیار کرنے میں نادرا کی جانب سے فراہم کردہ تعاون کو بھی سراہا۔ یاد رہے کہ نادرا حکومت پاکستان کی جانب سے نہ صرف نائجیریا بلکہ کینیا، سوڈان، فجی، بنگلہ دیش، صومالیہ اور دیگر ملکوں کو بھی ڈیجیٹل شناخت سے متعلق اقدامات میں مدد فراہم کر رہا ہے۔