اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس کے حوالے سے مقدمات ایف بی آر کو بھیجیں گے، ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ میں فرق ہے، منی لانڈرنگ جرم ہے، سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ کے کئی مقدمات نیب کو بھیجے ہیں، نیب مکمل تحقیقات اور انکوائری کے بعد ریفرنس دائر کرتا ہے، پانامہ سکینڈل کے حوالے سے دیگر کیسز بھی چل رہے ہیں، منزل کا تعین کرلیا ہے، پاکستان کو کرپشن فری بنانا ہے، نیب عوام دوست ادارہ ہے، نیب نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے ایک کمیٹی قائم کی ہے جس میں ملک بھر سے ایوان صنعت و تجارت کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت لاہور میں بزنس کمیونٹی اور ممتازصنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک اور سینئر نائب صدر وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت عبدالرﺅف موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم بھی تقریب کے دوران موجود تھے۔