چیئرمین نیب سے نیشنل ڈیموکریٹک فاﺅنڈیشن کے وفد کی ملاقات

118

اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سے نیشنل ڈیموکریٹک فاﺅنڈیشن کے ایک وفد نے چیئرمین کنوردلشاد کی قیادت میں نیب ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا اعلیٰ ادارہ ہے جسے نیب آرڈیننس کے تحت ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے وفد کو نیب کے نئے آپریشنل طریقہ کار اور نیب میں اصلاحات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے قومی احتساب بیورو کو درست سمت میں گامزن کردیا ہے، ادارے کے آپریشن اور سٹرکچر میں خامیوں کے تفصیلی جائزہ کے بعد اصلاحاتی اور تشکیل نو کا پروگرام شروع کیا گیا۔ جس کی نمایاں خصوصیات میں شفافیت، پیشہ وارایت نمایاں ہیں جو کہ ادارہ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی بہتربنانے کےلئے اہم ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل آپریشن نیب کو قومی احتساب بیورو کے آپریشنل طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ دینے کی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل آپریشن نیب نے نیب کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔