اسلام آباد ۔ 23 اگست (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب کی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے 2015ءمیں مثبت نتائج آئے ہیں، 2016ءمیں بھی یہ پالیسی جاری رہے گی۔ ان خیالات کا انہوں نے آسٹریا ویانا میں بدعنوانی کے تدارک اور کھیلوں میں دیانتداری یقینی بنانے کے حوالہ سے اقوام متحدہ کی انسداد بدعنوانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے انسداد بدعنوانی کی جامع قومی حکمت عملی تشکیل دی ہے جس کے 2015ءمیں مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ پالیسی 2016ءمیں بھی جاری رہے گی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ، سپورٹس فیڈریشن اور پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں کھیلوں کے انتظامات کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے اس شعبہ میں ممکنہ بدعنوانی اور درپیش مسائل کے حوالہ سے گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کی طرف سے ڈوپنگ، میچ فکسنگ، سٹے بازی اور رشوت سے متعلق کھلاڑیوں اور سپورٹس ایڈمنسٹریٹرز کو آگاہی کے حوالہ سے اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔