چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا ویانا میں انسداد بد عنوانی کانفرنس سے خطاب

105

اسلام آباد ۔ 22 اگست (اے پی پی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہاہے کہ نیب قانون پر عملدرآمد، آگاہی اور تدارک کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بد عنوانی کے خاتمے کی ذمہ داری نبھا رہاہے، سرکاری افسران اور کمیونٹی کے درمیان رابطے کے تناظر میں بد عنوانی کی روک تھام کیلئے ای گورننس اہم قدم ہے،پاکستان کی آئی سی ٹی میں عالمی رینکنگ میں گزشتہ چند سالوں میں بہتری آئی ہے‘عالمی اقتصادی فورم کی 2015ءمیں شائع کی گئی رپورٹ کے مطابق 2013ءمیں پاکستان 105ویں نمبر پر ، 2014ءمیں 111ویں اور 2015ءمیں 97نمبر پر رہا۔ آسٹریا کے شہر ویانا میں بدعنوانی کے تدارک کے عنوان سے اقوام متحدہ کی انسداد بد عنوانی کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے۔ بد عنوانی سے نہ صرف ملکی ترقی متاثر ہوتی ہے بلکہ لوگوں کو ان کے جائز حقوق بھی نہیں ملتے۔نیب کو پاکستان میں انسداد بد عنوانی کے اعلیٰ ادارہ کے طور پر قائم کیا گیا جو کہ قانون پر عملدرآمد، آگاہی اور تدارک کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے بد عنوانی کے خاتمے کی ذمہ داری نبھا رہاہے۔