اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی پائیدار اقتصادی ترقی اور مستحکم اور اخلاقی معاشرے کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نوجوان قوم کا عظیم اثاثہ ہیں۔ انہیں اس ناسور کیخلاف گلی محلوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے انسداد بدعنوانی کے اداروں سے مکمل تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائر ایجوکیشن کمیشن میں بدعنوانی کی روک تھام میں نوجوانوں کے کردار کے عنوان سے سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر مختار احمد، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، سینئر فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں طلباءنے سیمینار میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ تمام ممالک کو بدعنوانی کے ناسور کا چیلنج درپیش ہے۔ اس سے سماجی اور اقتصادی ترقی متاثر ہوتی ہے۔ امریکی میگزین فارن پالیسی کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ہر سال ڈیڑھ کھرب ڈالر رشوت لی جاتی ہے جو کہ عالمی شرح نمو کا 5 فیصد ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32111