چیئرمین نیب کا نیب راولپنڈی کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی پر سیکٹر آئی ایٹ اسلام آباد میں فائرنگ اور قاتلانہ حملہ کا سخت نوٹس

89

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب)کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب راولپنڈی کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی پر سیکٹر آئی ایٹ اسلام آباد میں فائرنگ اور قاتلانہ حملہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ سردار مظفر عباسی ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب راولپنڈی پر قاتلانہ حملہ کی اطلاع فوری طور پر آئی جی پولیس اسلام آباد کو دی جائے تاکہ واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے سردار مظفر عباسی ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب راولپنڈی کی سیکورٹی سخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ سردار مظفر عباسی پناما کیس میں نیب کے پراسیکیوٹر تھے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے نیب کے افسران / اہلکاران کے حوصلے کمزور نہیں کر سکتے ہم نے نہ پہلے کسی دھمکی کی پرواہ کی ہے اور نہ اب اس طرح کی کسی بزدلانہ اور غیر قانونی حرکت کو خاطر میں لائیں گے بلکہ نیب کے افسران اب پہلے سے زیادہ محنت، لگن، ایمانداری اور جذبہ کے ساتھ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے اپنے قومی فرض کو سرانجام دیتے رہیں گے۔