چیئرمین نیب کو وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کا ٹیلی فون

118

چیئرمین نیب کو وزیراعلیٰ اور چیف سیکرٹری بلوچستان کا ٹیلی فون، صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے کرپشن سکینڈل میں ترقیاتی فنڈز کی لوٹی گئی رقم ریکورکرانے پر مبارکباد دی

اسلام آباد ۔ 29 دسمبر (اے پی پی) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کو وزیراعلیٰ بلوچستان سردار ثناءاللہ زہری اور چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے ٹیلی فون کرکے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے کرپشن سکینڈل میں ترقیاتی فنڈز کی لوٹی گئی رقم ریکورکرانے پر مبارکباد دی ہے اور چیئرمین نیب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیب کی کاکرردگی کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ برآمد ہونے والی رقم سے صوبہ کے ترقیاتی کام بروقت مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔ ذرائع کے مطابق اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز برآمد کرکے واپس کرنے پر وزیراعلیٰ بلوچستان ثناءاللہ زہری نے چیئرمین نیب کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ نیب نے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بلوچستان کے بدعنوان سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی اور صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے کرپشن سکینڈل کو نہ صرف بے نقاب کیا بلکہ کرپشن کے ذریعے لوٹی گئی تمام رقم برآمد کی ہے جو قابل تحسین ہے اور اس سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سابق مشیر خزانہ خالد لانگو کے فرنٹ مین سہیل مجید کے گیارہ بنگلے اور مشتاق رئیسانی کے دو بنگلے نیب کے قبضہ میں ہیں جبکہ سہیل مجید نے 97 کروڑ روپے کیش نیب کو جمع کرا دیئے ہیں۔ مشتاق رئیسانی کے 65 کروڑ روپے نقدی ، تین کلوگرام سونا،پرائز بانڈز نیب نے موقع سے برآمد کئے تھے اوربقیہ رقم دوران تحقیقات واپس کی گئی ہے ۔