لاہور۔14مارچ (اے پی پی):قومی احتساب بیورو کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی خصوصی ہدایات پرالمعروف ایڈن سکینڈل میں ملزمان سے وصول کردہ 1 ارب 16 کروڑ مالیت پر مشتمل چوتھی قسط کے چیک فوری طور پر ایڈن متاثرین میں تقسیم کا آغاز کیا گیا ہے جسے عید الفطر سے قبل مکمل کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین نیب کی جانب سے ایڈن متاثرین کی سہولت کے پیشِ نظر ملزمان سے وصول کردہ 1 ارب 16 کروڑ مالیت پر مشتمل چوتھی قسط تمام متاثرین کو عید الفطر سے قبل تقسیم کرنے کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر عمل پیرا ہوتے ہوئے نیب لاہور آفس میں ہنگامی بنیادوں پر ڈیسک تشکیل دیئے گئے ہیں ۔
علاوہ ازیں متاثرین کی سہولت کیلئے نیب لاہور آفس کل بروز ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلا رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تاکہ متاثرین میں تسلسل کے ساتھ چیک تقسیم کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور محمد احترام ڈار کا کہنا تھاکہ نیب ریکارڈ میں موجود ڈیٹا کے مطابق متاثرین کے بینک اکائونٹس میں ڈائریکٹ چیک ٹرانسفر کے عمل کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی وہ ازخود کر رہے ہیں تاکہ تمام متاثرین کو بروقت رقوم کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کی سہولت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے تاہم نیب لاہور کی کاوشوں سے المعروف ایڈن سکینڈل میں ملزمان سے مجموعی طور پر16 ارب مالیت کی تاریخی پلی بارگین کی گئی جس کی چوتھی قسط کی تقسیم کا آغاز کیا گیا ہے۔
ڈی جی نیب لاہور نے مزید کہا کہ ماہِ صیام میں متاثرین کی سہولت کے پیشِ نظر چیک وصولی کیلئے آنے والے متاثرین کو نیب بلڈنگ کی حدود میں نیب انتظامیہ کیجانب سے پک اینڈ ڈراپ (شٹل سروس) کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572637