کراچی۔ 30 جون (اے پی پی):چیئرمین نیو کراچی ٹائون محمد یوسف نے ٹائون کے مختلف علاقوں کا دورہ کیااور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں سے قبل تمام راستے مکمل طور پر کلیئر کیئے جائیں تاکہ عوام اور عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے مین روڈز، جلوسوں کی گزرگاہوں ، امام بارگاہوں اور مساجد کے اطراف صفائی ستھرائی اور سپرے مہم شروع کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں تاکہ
بارش کے بعد پیدا ہونے والی بیماریوں کا سدباب کیا جا سکے۔چیئرمین نے کہا کہ عوام کی خدمت اور مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور ٹائون انتظامیہ عوام کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ صفائی مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور بارش کے پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بننے والے کچرے اور اشیاء کو نالوں میں نہ پھینکیں۔