کراچی۔ 26 مئی (اے پی پی):چیئرمین نیو کراچی ٹائون محمد یوسف نے یوسی 12نارتھ کراچی کے مختلف پارکس و پلے گرائونڈز کا دورہ کیااوران کی تزئین و آرائش کے احکامات جاری کئے۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر اور ڈائریکٹر باغات آفتاب احمد بھی موجود تھے۔
انہوں نے گل لالا پارک سیکٹراے11، شفیق الرحمن عثمانی پارک اینڈ گرائونڈاور رحمانیہ پارک میں مرمت طلب کاموں کا جائزہ لیااور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ان پارکوں کی بحالی اور مرمت کے ساتھ بچوں کی تفریح کے لئے موجود جھولوں کی خرابیوں کو دور کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پارکس کی مکمل تزئین و آرائش اورسبزہ زار کی بحالی کے بعد خوبصورت پودے اور موسمی پھول لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔