چیئرمین واپڈا سجاد غنی کا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا

201
چیئرمین واپڈا سجاد غنی کا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا
چیئرمین واپڈا سجاد غنی کا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا

اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل (ر)سجاد غنی نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ کیا۔پراجیکٹ پر تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ واپڈا سے جاری اعلامیہ کے مطابق 272میٹر بلند دیامر بھاشا ڈیم دنیا کا بلند ترین آر سی سی ڈیم ہے، جو چلاس سے 40کلومیٹر زیریں جانب دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس وقت پراجیکٹ کی 17اہم سائٹس پرتعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے، پراجیکٹ کی تکمیل 2028میں شیڈول ہے۔

چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ کی ڈائی ورشن ٹنلز1اور2، اپ سٹریم اور ڈائون سٹریم کوفر(عارضی)ڈیمز، گائیڈوال، ڈیم پِٹ اورمستقل رابطہ پُل کا دورہ کیا۔ انہوں نے میٹریل ٹیسٹنگ لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا۔ ممبر (واٹر) واپڈا بھی دورے میں ان کے ہمراہ تھے۔چیف ایگزیکٹوآفیسردیامر بھاشا ڈیم کمپنی،جنرل منیجر/پراجیکٹ ڈائریکٹر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے علاوہ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے پراجیکٹ منیجرز نے چیئرمین کو سائٹس پر جاری تعمیراتی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہیں بتایا گیا کہ حالیہ ہائی فلو سیزن میں پراجیکٹ کاریور ڈائی ورشن سسٹم موثر طور پرکام کررہا ہے۔ مین ڈیم کے لئے کھدائی کا کام جاری ہے جبکہ مین ڈیم کے زیریں جانب مستقل رابطہ پُل مکمل ہو چکا ہے۔پراجیکٹ پر مجموعی پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد چیئرمین نے کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی ٹائم لائنز کے مطابق تکمیل کے لئے تعمیراتی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے۔ دیامربھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت8.1ملین ایکڑ فٹ ہے جس سے1.23ملین ایکڑ اراضی زیرِ کاشت آئے گی۔ پراجیکٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت4500میگاواٹ ہے اور یہ ہر سال نیشنل گرڈ کو 18ارب یونٹ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی مہیا کرے گا۔

پراجیکٹ کے دورے میں چیئرمین واپڈا نے دیامراوراپر کوہستان کے عمائدین کے ساتھ جرگہ میں شرکت کی۔ جنرل منیجر(لینڈ ایکوزیشن اینڈری سیٹلمنٹ) واپڈا، دیامر اور اپر کوہستان کی سول انتظامیہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔جرگہ میں دیامر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ میں متاثرین کی آبادکاری، صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے لئے واپڈا کی جانب سے کئے جا رہے اعتماد سازی کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین نے کہا کہ واپڈا دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ایریا میں 78ارب50کروڑ روپے، جبکہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ایریا میں 17ارب35کروڑ روپے کی خطیر رقم مختلف ترقیاتی سکیموں پر خرچ کر رہاہے۔ علاوہ ازیں دونو ں پراجیکٹس پر مقامی افراد کو ترجیحی بنیاد پر ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔ دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرین کے لئے ہائوس ہولڈ(چولہا) پیکج اور داسو پراجیکٹ کے لئے ایریا ڈویلپمنٹ پروگرام پربھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔