چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان کا ہوپ نیٹ ورک جیسے اقدامات کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار

75

منامہ۔7نومبر (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے ہوپ نیٹ ورک جیسے اقدامات کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نوجوانوں کو مہارت اور رہنمائی کے مواقع سے آراستہ کرنے کے وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے،پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی مکالمے کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔جمعرات کووزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے بحرین کے ہوپ نیٹ ورک کی تقریب میں شرکت کی جس کا مقصد نوجوانوں کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے مطابق بااختیار بنانا ہے۔

یہ تاریخی اقدام نوجوانوں کے مسائل کو حل کرنے اور عالمی سطح پر پائیدار ترقی کے حل کو آگے بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور مکالمے کو فروغ دینے پر مرکوز ہے۔اس موقع پررانا مشہود احمد خان نے بحرینی وزیر برائے امور نوجوانان راون بنت نجیب توفیقی کی ہوپ نیٹ ورک کو تشکیل دینے اور اس کی قیادت کرنے میں ان کی مثالی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی وابستگی کو عالمی یوتھ کمیونٹی کے لیے قابل ستائش شراکت کے طور پر اجاگر کیا اور ایک ایسے پلیٹ فارم کے بارے میں ان کے وژن کی تعریف کی جہاں نوجوان چیلنجز پر بات کرنے، ترقی کے خیالات کا اشتراک کرنے اور سرحدوں سے باہر بھی مثبت تبدیلی لانے کے لیے جمع ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ہوپ نیٹ ورک نوجوانوں کو تبدیلی کے فعال رکن بننے کے لیے بااختیار بنا کر ایس ڈی جیزکے حصول کی جانب ایک اہم قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "ایک پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی مکالمے کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے،اس اقدام میں بحرینی وزیر کی قیادت دنیا بھر میں نوجوانوں کی صلاحیت کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

انہوں نے ہوپ نیٹ ورک جیسے اقدامات کی حمایت کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا، جو نوجوانوں کو مہارت اور رہنمائی کے مواقع سے آراستہ کرنے کے وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام کے مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔