چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کا متحرک اور تخلیقی طریقوں کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ

180

اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے متحرک اور تخلیقی طریقوں کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپارک میگزین نہ صرف نوجوانوں کی سوچ میں تبدیلی لائے گا بلکہ انہیں قوم کے مستقبل کی تشکیل میں اپنی صلاحیتوں اور کردار کا ادراک کرنے میں بھی مدد دے گا۔ بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت سپارک میگزین کے ایڈیٹوریل بورڈ کا اجلاس وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں منعقد ہوا۔

سپارک میگزین کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کے لیے مشعل راہ بننا ہے۔ یہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی رہنمائی کے لیے ڈیزائن کیے گئے اہم خبروں اور مواد کے ساتھ ساتھ پاکستانی نوجوانوں کی لچک، جدت اور کامیابیوں کی کہانیوں کو دکھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سپارک نہ صرف نوجوانوں کو متاثر کرے گا بلکہ انہیں قوم کے مستقبل کی تشکیل میں اپنی صلاحیتوں اور کردار کا ادراک کرنے میں بھی مدد دے گا۔

انہوں نے متحرک اور تخلیقی طریقوں کے ذریعے نوجوانوں کی ترقی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔بورڈ نے میگزین کے مختلف پہلوئوں بشمول اس کے ادارتی نقطہ نظر، مواد کے موضوعات اور ملک بھر کے نوجوان قارئین کو مشغول کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا ۔ ٹیم نے سپارک کو نوجوانوں کی آواز بنانے کے عزم کا اظہار کیا جو ان کی امنگوں، چیلنجوں اور کامیابیوں کی عکاسی کرتا ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ میگزین کی کامیابی کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کےاہم ستون کے طور پر یقینی بنایا جائے اورنوجوان نسل میں امید اور امنگ کو فروغ دیا جائے۔