اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے جمعرات کو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا۔ کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کا مقصد کامسٹیک کے ساتھ مل کر نوجوانوں کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل سکلز سکھانے کے لیے معاونت کے لیے مختلف پروگرام شروع کرنا اور ہائراجوکیشن کمیشن، کامسٹیک، وزیراعظم یوتھ پروگرام اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو ایک پلیٹ فارم سے مشترکہ طور پر نوجوانوں کے امور کے لیے منصوبے شروع کرنا تھا۔
وفد میں گلمینہ بلال احمد چیئرپرسن نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن ، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن، محمد عامر جان ایگزیکٹو ڈائکریکٹر نیشنل ووکیشنل و ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن سمیت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اعلی حکام شامل تھے۔ وفد کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک نے کامسٹیک کی جانب سے نوجوانوں کے لیے جاری منصوبوں اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کامسٹیک کی شاندار کامیابیوں کو سراہا اور ادارے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے شراکت داری اور اشتراکِ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کامسٹیک کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم مضبوط روابط قائم کریں اور نوجوانوں کے لیے ایسے پروگرام شروع کریں جو انہیں ہنر، ٹیکنالوجی اور کاروباری مہارتوں میں ترقی کے مواقع فراہم کریں۔ کامسٹیک ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے پاکستان کا مثبت چہرہ نہ صرف او آئی سی بلکہ عالمی سطح پر اجاگر کیا جاسکتا ہے۔
ملاقات میں فریقین نے باہمی تعاون کے تحت مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا جن میں نوجوانوں کی تربیت، نوجوانوں کے لیے سائنس اور ٹیکنالوجی کے منصوبے اور ان کا فروغ سمیت پیشہ ورانہ تربیت پر توجہ دی جائے گی۔ رانا مشہود احمد خان نے حکومت پاکستان کی جانب سے نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے کامسٹیک کی جانب سے سائنسی نوجوانوں کے لیے منصوبے شروع کرنے کے لیے کامسٹیک کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574644