اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سویڈن میں ایک احتجاجی مظاہرے کے دوران مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن پاک کے نسخے کو نذرآتش کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مذہبی عدم برداشت اور بے حرمتی کی بد ترین مثال قرار دیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سویڈش حکومت آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ قرآن پاک ہمیں پوری دنیا کے انسانوں کے ساتھ انصاف اور امن کے ساتھ رہنے کا درس دیتا ہے۔ اقوام متحدہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے مربوط حکمت عملی طے کرے۔ بین المذاھب ڈائیلاگ سے اس طرح کے واقعات کا سدباب ممکن ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا میں اسلاموفوبک رجحان پروان چڑھ رہا ہے اور اس سے مذہبی رواداری کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=347471