چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کا کشمیر شہریار خان آفریدی کی پی ٹی وی سے گفتگو

49

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے ہارس ٹریڈنگ کی سیاست کو ختم کرنے کیلئے آئندہ سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے کرانے کیلئے پرعزم ہے ، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے موثر قانون سازی میں حصہ لینے اور بہترین قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے وفادار ، نظریاتی اور قابل اعتماد پارٹی کارکنوں کو سینیٹ کے ٹکٹ دیئے ہیں۔ منگل کو پی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک اور قوم کی سیاسی خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایماندار اور قابل اعتماد لوگوں کو سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے ٹکٹ دیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بدعنوان عناصر کی ہمیشہ سے پشت پناہی کی اور ملک میں ہارس ٹریڈنگ جیسی بدترین سیاست کو متعارف کرایا۔ شہریارآفریدی نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں آکر اپنی رائے کا اظہار کریں ، پارلیمنٹ ہی بات چیت کا بہترین فورم ہے۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ آئندہ سینیٹ انتخابات میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ریاست مخالف بیانیہ مسترد ہو جائے گا اور پی ٹی آئی اکثریتی پارٹی بن کر سامنے آئے گی۔