چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر کی چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر سے ملاقات

144
Engineer Waseem Nazir
Engineer Waseem Nazir

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر وسیم نذیر نے کوئٹہ کے دورے کے دوران بلوچستان کے چیف سیکرٹری شکیل قادر سے ملاقات کی، ملاقات میں صوبے میں انجینئرنگ کے شعبے کو درپیش چیلنجز پر بات چیت کی گئی۔ جمعرات کو پاکستان انجینئرنگ کونسل کی جانب سے جاری بیاب کے مطابق ملاقات کے دوران انجینئرنگ منصوبوں اور پیشہ ور انجینئرز کو درپیش مختلف مسائل سے نمٹنے کے لیے بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انجینئر وسیم نذیر نے صوبے میں انجینئرز اور انجینئرنگ منصوبوں کو درپیش اہم چیلنجز کو حل کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران حکومت اور ترقیاتی اداروں میں نوجوان انجینئرنگ گریجویٹس کی تقرری کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ انجینئر وسیم نذیر نے چیف سیکرٹری سے کہا کہ متعلقہ سرکاری محکموں میں خالی اسامیوں کی نشاندہی کی جائے اور انہیں اہل نوجوان انجینئرز سے پر کیا جائے۔ چیئرمین پی ای سی کے مطابق یہ قدم نہ صرف نئے گریجویٹس کے لیے ملازمت کے مواقع فراہم کرے گا بلکہ ملک کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان انجینئرز کی بھرتی یہ یقینی بنائے گی کہ قومی منصوبوں کو قابل اور تربیت یافتہ پیشہ ور افراد کے ذریعے آگے بڑھایا جائے۔

چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے انجینئرز کے لیے ٹیکنیکل الاونس کی عدم فراہمی اور انجینئرنگ کے اہم عہدوں جیساکہ پروجیکٹ ڈائریکٹرز پر غیر انجینئرز کی تقرری کے بڑھتے ہوئے مسئلہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ تقرریاں مہارت اور میرٹ کی بنیاد پر کی جانی چاہئیں تاکہ انجینئرنگ منصوبوں کی کامیابی اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ ملاقات کے دوران نوجوان انجینئرنگ گریجویٹس کے لیے مربوط انٹرن شپ پروگرامزکا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ فراہم کیے۔

انجینئر وسیم نذیر نے کہا کہ ایسے پروگرامز تعلیمی علم اور عملی مہارت کے درمیان خلا کو پر کرنے کے لیے ضروری ہیں۔ یہ انٹرن شپ نئے گریجویٹس کو صنعت میں مو¿ثر طریقے سے حصہ ڈالنے کے لیے ضروری تربیت فراہم کرے گی۔ چیف سیکرٹری شکیل قادر نے انجینئرز کے مسائل کے حوالے سے مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انجینئرز ملک کی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ انجینئرنگ منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور اس شعبے کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے۔ انہوں نے صوبے میں انجینئرز اور انجینئرنگ منصوبوں کے لیے ایک سازگار ماحول بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔