اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی)چیئرمین پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (پی اے ای سی) محمد نعیم نے پاکستان کے ممتاز ایٹمی سائنسدان اور سابق چیئرمین پی اے ای سی ڈاکٹر اشفاق احمد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ ڈاکٹر اشفاق احمد ان دنوں نمونیہ کا علاج کروا رہے ہیں۔ چیئرمین پی اے ای سی محمد نعیم نے قوم سے بھی درخواست کی ہے کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں اہم کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر اشفاق احمد کی بہتر صحت کیلئے دعا کی جائے۔ ڈاکٹر اشفاق احمد نے 1991ءسے 2001ءکے دوران پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین 1988ءسے 1991ءتک سینئر ممبر ، 1976ءسے 1988ءتک پی اے ای سی کے ممبر، 1971ءسے 1976ءتک ڈائریکٹر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (پنسٹیک) ، 1969ءسے 1971ءتک ڈائریکٹر ایٹمی توانائی سنٹر لاہور اور دیگر اہم عہدوں پر فرائض انجام دیئے۔ ڈاکٹر اشفاق احمد پاکستان میں کینسر کے علاج کے مختلف مراکز کے قیام سمیت ایٹمی توانائی، زراعت ، صحت ، تحقیق اور ترقی کیلئے مختلف اہم پروگراموں کے بانی اور ان کی سربراہی کے فرائض بھی انجام دیتے رہے ہیں۔ انہوں نے چشمہ میں پاکستان کے سول نیوکلیئر پاور پلانٹس اور پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کیلئے بھی اہم کردار ادا کیا۔ وہ اس وقت نیشنل سنٹر برائے فزکس کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=85130