چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی ترک میڈیا سے گفتگو

263

اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک کا اتحاد ہی مسئلہ فلسطین و کشمیر، اسلامو فوبیا سے پیدا ہونے والی صورتحال اور دیگرگمبھیر مسائل سے نکال سکتا ہے، ترکیہ، قطر اور ایران کے سربراہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مغرب کی جانب سے قرآن کریم کی توہین کے سلسلے کے خلاف آواز اٹھا کر جہاں پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کی وہاں دنیا کو امن بچانے کی راہ بھی دکھائی ہے،

سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کے حالیہ انٹرویو سے واضح ہوگیا ہے کہ مملکت سعودی عرب مسئلہ فلسطین سے کل بھی غافل نہیں تھی اور آج بھی غافل نہیں ہے ، سعودی عرب کو بحیثیت سربراہ او آئی سی مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ترک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ 3 اسلامی ممالک ترکیہ، قطر اور ایران کے سربراہوں نے اقوام متحدہ میں خطاب کرتے ہوئے قرآن پاک کے نسخوں کو نذر آتش کرنے کے معاملے پر مغرب کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اقوام عالم کو خبردار کیا کہ مغربی ممالک میں اسلامو فوبیا سمیت نسل پرستی کی لہر طاعون کی طرح پھیل رہی ہے،

ناپاک جسارتوں کا یہ سلسلہ اب ناقابل برداشت حدوں تک پہنچ چکا ہے جو ناصرف بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے کی جانے والی عالمی کوششوں کو سبوتاژ کررہا ہے بلکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہے۔ بہت سے مغربی ممالک اور سیاستدان ایسے خطرناک رجحان کی حوصلہ افزائی کرکے مسلسل آگ سے کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناپاک جسارتوں کے اس بیہودہ سلسلے سے پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات برانگیختہ ہیں، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ، ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور امیر قطر تمیم بن احمد الثانی نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر یہ مسئلہ اٹھا کر امت مسلمہ کی رہنمائی کی۔اب یہ بات اہل مغرب کو بھی سمجھ لینی چاہئے اور ان کی جانب سے ایسی مذموم حرکات کے ذریعے مسلمانوں کے امتحان لینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔