چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی ترکیہ کے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر علی ارباش سے ملاقات

181
Tahir Mahmood Ashrafi

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ترکیہ کے وزیر مذہبی امور ڈاکٹر علی ارباش سے ملاقات کی ۔

پیر کو پاکستان علماء کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ غزہ سمیت فلسطینی علاقوں پر جاری وحشیانہ بمباری کو فوری طور پر روکنے کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ اسرائیل بدترین جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے غزہ کے عوام پر انسانیت سوز مظالم ، سکولوں، ہسپتالوں، امدادی ٹیموں پر وحشیانہ حملے اس کی سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔ فلسطین کی 1967 سے پہلے کی حیثیت کو بحال کیا جائے۔

دونوں رہنمائوں نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے گھیرائو کے نتیجے میں پیدا ہونے والی گھمبیر صورتحال بالخصوص خوراک اور پانی کی قلت جیسے مسائل پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں حالیہ کشیدگی کا سبب اسرائیل کی جانب سے سات دہائیوں پر محیط ناجائز قبضے، نہتے فلسطینیوں پر ظلم اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوری طور پر غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر جاری بمباری روکی جائے اور ناجائز محاصرے کو ختم کر کے متاثرین تک بین الاقوامی امداد کو پہنچنے دیا جائے۔ دونوں رہنمائوں نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین و مسئلہ کشمیر امت مسلمہ کے دیرینہ حل طلب مسئلے ہیں جنہیں اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل کیا جانا چاہئے، بھارت اور اسرائیل کشمیر و فلسطین میں انسانی خون بہا کر غاصبانہ قبضہ جمائے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حوصلے اتنی طویل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے باوجود جواں ہیں،

وہ آزادی سے کم کسی قیمت پر ماننے کو تیار نہیں ہوں گے۔ دونوں رہنمائوں نے مستقبل میں پاکستان علماء کونسل اور ترکی کی وزارت مذہبی امور کے درمیان تعاون کو بڑھانے اور امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے فلسطین کے مسئلے پر ترکی، سعودی عرب اور مصر کے کردار کو سراہا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف بروقت آواز ٹھانے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔