اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس میں بی او جی نے 117 روز کی ریکارڈ مدت میں قذافی سٹیڈیم کی تعمیر نو پر چیئرمین پی سی بیسے اظہار تشکر کیا اور بورڈ کے ممبران نے جدید سہولتوں سے آراستہ قذافی سٹیڈیم کی تکمیل پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی سی بی کی پوری ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے اراکین نے کہا کہ آپ نے ناممکن کو ممکن بنا کر دکھایا اور تمام پراپیگنڈہ دم توڑ گیا،انتہائی قلیل مدت میں ایسا خوبصورت سٹیڈیم صرف محنت سے بنا ہے،ہم خود بھی حیران رہ گئے ہیں اور یقین نہیں آرہا کہ سٹیڈیم بن گیا ہے۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا انفرادی کام نہیں ہے بلکہ پوری ٹیم کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالٰی کا شکر گزار ہوں کہ ہماری مخلصانہ کاوشوں کو ثمر بار کیا،تنقید کی پرواہ نہیں کی اور اللہ تعالٰی کے سہارے آگے بڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری پوری ٹیم خصوصا ورکرز نے خواب کو حقیقت کا روپ دیا ہے۔
اجلاس میں پی سی بی کے مختلف امور کی منظوری دی گئی اوراجلاس میں بورڈ آف گورنرز کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر انوار غنی نے خصوصی دعا کی۔اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی، بورڈ آف گورنرز کے ممبران ظہیر عباس، انوار غنی، دانیال گیلانی،طارق سرور، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557429