اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت مہارتوں کی ترقی، انٹرپرینیورشپ، ایجوکیشن فنانسنگ اور اختراع کے پروگرام شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں پاکستان کی ترقی میں بامعنی شرکت کے لیے تیار کرنا ہے۔جمعرات کو چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خا ن کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے ینگ لیڈرز پارلیمنٹ (وائی ایل پی) کے وفد اور وزیراعظم یوتھ پروگرام(پی ایم وائی پی ) کی ٹیم ممبران نے شرکت کی، سیشن کے دوران چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے وفد کوپی ایم وائی پی کی چھتری تلے مختلف اہم اقدامات سے متعارف کرایا جن میں مہارتوں کی ترقی، انٹرپرینیورشپ، ایجوکیشن فنانسنگ اور اختراع کے پروگرام شامل ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں پاکستان کی ترقی میں بامعنی شرکت کے لیے تیار کرنا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم اور قومی ترقی کے لیے پی ایم وائی پی کی بھرپور کوششوں کوسراہا۔ پی ایم وائی پی کے وژن اور دائرہ کار سے متاثر ہو کر، ینگ لیڈرز پارلیمنٹ نے پی ایم وائی پی کے ساتھ تعاون کرنے اور نوجوانوں کی قومی ترقی کی کوششوں میں زیادہ فعال کردار اداکرنے کی خواہش ظاہر کی۔ چیئرمین پی ایم وائی پی نے ان کے جوش و خروش کا خیرمقدم کیا اور پی ایم وائی پی کے جاری مختلف اقدامات میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ذمہ دار اور متحرک قیادت کو پروان چڑھانے کے لیے ایسے پلیٹ فارم بہت اہم ہیں۔
اجلاس نے حکومت اور نوجوانوں کی زیر قیادت تنظیموں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کیا، جس سے وفاقی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطحوں پر نوجوانوں کی شمولیت کے پی ایم وائی پی کے عزم کو تقویت ملی۔