چیئرمین پیمرا ابصار عالم کا پریس کانفرنس سے خطاب

179

اسلام آباد ۔08 مئی (اے پی پی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے چیئرمین ابصار عالم نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پیمرا کو دی جانے والی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے اور انہیں اور ان کے عملہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ پیر کو یہاں پیمرا ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیمرا ریاست کا ادارہ ہے، تمام ادارے اس کے قوانین پر عملدرآمد میں مدد دیں۔ انہوں نے وزیراعظم، چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے درخواست کی کہ صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور انہیں اور ان کی ٹیم کیلئے موثر سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا کو فون کالز کے ذریعے دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران پیمرا کے ملازم کو دھمکی دینے والے شخص کی فون کال بھی سنائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حقوق کیلئے سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ چیئرمین پیمرا نے کہا کہ کچھ چینلز نفرت آمیز مواد پھیلا رہے ہیں، میرے بارے میں مذہبی اور فرقہ وارانہ تعصب انگیز پروپیگنڈا کیا گیا۔