اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا ہے کہ ڈی ٹی ایچ سروس کیبل اور میڈیا کی صنعت میں ایک گیم چینجر ہو گی، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اور ایشیاءپیسفک انسٹی ٹیوٹ آف براڈ کاسٹنگ ڈویلپمنٹ میڈیا انڈسٹری کیلئے جلد تربیتی پروگرام شروع کریں گے۔ منگل کو یہاں ایشیاءپیسفک انسٹی ٹیوٹ آف براڈ کاسٹنگ ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر چینگ جن کے ساتھ ملاقات کے بعد اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کی طرح ڈی ٹی ایچ بھی ایک گیم چینجر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ٹی ایچ اور ڈیجیٹل کیبل اکٹھے چل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا 2017ءمیں اینا لاگ کیبل کی ڈیجیٹلائزیشن پر توجہ دے گا کیونکہ قانون کے مطابق اینا لاگ سسٹم کو 2015ءمیں ختم ہونا تھا تاہم ایسا نیہں ہو سکا۔ ڈی ٹی ایچ کی نیلامی سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سارا عمل شفاف طریقہ سے نمٹایا جا رہا ہے جو اعلیٰ عدلیہ اور پارلیمانی کمیٹی کی ہدایات کی روشنی میں ہو رہا ہے اور کسی کو نوازنے کی بات درست نہیں۔ ابصار عالم نے ڈی ٹی ایچ کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں پٹیشن سے متعلق کہا کہ انہیں اس سلسلہ میں ابھی فیصلہ کی کوئی نقل نہیں ملی تاہم سپریم کورٹ کا فیصلہ برقرار ہے۔