کوئٹہ۔ 14 ستمبر (اے پی پی) چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ نے بلوچستان میں غیرقانونی بھارتی چینلز، ڈی ٹی ایچ اور بھارتی مواد کے خلاف جاری مہم اور ریجنل آفس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ریجنل آفس کوئٹہ کا دورہ کیا،ریجنل انچارج کامران زیب نے بلوچستان ریجن کی لائسنسنگ، قوانین کے نفاذ،غیر قانونی بھارتی چینلز /ڈی ٹی ایچ /بھارتی مواد کے خلاف کاروائی اور دیگر عملی وپیشہ وارانہ سرگرمیوں بارے انہیں آگاہ کیا۔ پیمرا سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر چیئرمین پیمرا نے کونسل آف کمپلینٹس کے ممبران اور بلوچستان کے کئی علاقوں بشمول کوئٹہ، مستونگ، پشین، لورا لائی، سبی، حب اور ژوب کے کیبل آپریٹرز، ایف ایم ریڈیو زاور سیٹلاٹ ٹی وی چینلز کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی۔ چیئرمین پیمرا نے تمام کیبل آپریٹرز، ایف ایم ریڈیوز اور ٹیلی ویژن چینلز کے نمائندگان کی صوبے میں میڈیا کے فروغ اور عوام تک تفریح اور انفارمیشن کی فراہمی کیلئے کی جانے والی کاوشوں، موجودہ ملکی صورتِ حال میں تمام سٹیک ہولڈرز کے محبِ وطن اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہا۔ چیئرمین پیمرا نے صوبے بھر میں غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف کیبل آپریٹرز کی ذمہ دارانہ پالیسیوں کو بھی سراہا اور مقبوضہ کشمیر کے حالیہ حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے انہیں بھارتی چینلز اور مواد کے خاتمے سے متعلق احکامات پر سختی سے عملدرآمد کرنے اور اپنی نشریات کو قوانین کے مطابق بنانے کی تلقین کی۔انھوں نے کہاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں پیمرا سخت اقدامات کرنے کا مجاز ہو گا اور خلاف ورزی کی صورت میں کیبل آپریٹرز کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جائے گی۔ چیئرمین پیمرا نے کیبل آپریٹرز کے مسائل سننے کے بعد ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔