اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی ، صدر پی پی پی خیبرپختونخوا محمد علی شاہ باچا اور جنرل سیکرٹری شازی خان نے زرداری ہاؤس میں ملاقات کی ۔ پیر کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گورنر خیبرپختونخوا نے کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں گرینڈ جرگے سے قیام امن کے حوالے سے ملاقات سے متعلق بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے ہمراہ کرم میں قیام امن کے حوالے سے گرینڈ جرگے سے ملاقات کی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو گورنر خیبرپختونخوا نے دہشت گردی اور وسائل کی غیرمنصفانہ تقسیم کے حوالے سے 5 دسمبر کو پشاور میں ہونے والی اے پی سی سے متعلق بھی بریفنگ دی۔اس موقع پر پی پی پی خیبرپختونخوا کے عہدیداران صدر پی پی پی خیبرپختونخوا محمد علی شاہ باچا اور جنرل سیکرٹری شازی خان نے بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے۔ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو خیبرپختونخوا کے وفاقی حکومت کے حوالے سے تحفظات سے بھی آگاہ کیا۔