چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں 16 لاکھ غریب گھرانوں کو مرحلہ وار سولر ہوم سسٹمز کی فراہمی کے جامع منصوبے کا آغاز کردیا

182
Bilawal Bhutto Zardari
Bilawal Bhutto Zardari

کراچی۔ 29 اگست (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں 16 لاکھ غریب گھرانوں کو مرحلہ وار سولر ہوم سسٹمز فراہمی کے جامع منصوبے کا آغاز کردیا ہے،پیپلز پارٹی کے 10 نکاتی انتخابی منشور ’’عوامی معاشی معاہدہ‘‘ میں غریب گھرانوں کو مفت شمسی بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے مہنگی بجلی اور لوڈشیڈنگ سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومتِ سندھ کے متعارف کردہ سولر انرجی پراجیکٹ کے تحت پہلے مرحلے کے دوران صوبے کے دو اضلاع میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کےمستحق 2 لاکھ خاندانوں میں مفت سولر ہوم سسٹم کی تقسیم کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ ہاوَس میں منعقد ہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ ان کی جماعت عوامی مسائل کے پائِیدار حل میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے الیکشن کے منشور میں بھی سوچ تھی کہ اگر ہمیں وفاقی حکومت کی ذمہ داری ملے گی تو ہم ایسے منصوبے ملک بھر میں لے کر آئیں گے جس سے غریب طبقے کو سولر انرجی کے تحت سپورٹ کیا جائے، ہم غریب طبقات کو سہولت پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اِس منصوبے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو اولین ترجیح ہیں، اس منصوبے کو ہم تمام سندھ کے اضلاع میں شروع کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ ونڈ پاور میں مزید سرمایہ کاری کر رہی ہے اور پرائیوٹ سیکٹر کو بھی اس میں شراکت دار بننے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تاحال سندھ میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت 3 انرجی پارکس کے منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا ویژن روشن پاکستان کے لیے ہے اور میں الیکشن مہم پر بھی اس پر بات کرتا تھا۔ انہوں نے اپنے منصوبے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم سولر کے ذریعےعوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں اور ہم آہستہ آہستہ اُسی سبسڈی کو استعمال کرتے ہوئے 300 یونٹ تک، اُسی حکومت کے خرچے پر خاندانوں کو سولر پر لائیں تاکہ 300 یونٹ کی بجلی معافی کا وعدہ پورا کرسکیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم بجلی کےحوالے سے پائیدارحل چاہتےہیں، ہم گرین انرجی کے ذریعے بجلی کے بلوں میں ریلیف پہنچا سکتےہیں۔ تقریب میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، سابق وزیراعلی قائم علی شاہ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزراء، ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔