چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارلیمانی وفد کی سیکرٹری جنرل یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس بیلن مارٹنز کاربونل سے ملاقات

42

برسلز۔13جون (اے پی پی):چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے سیکرٹری جنرل یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس بیلن مارٹنز کاربونل سے ملاقات کی، وفد نے یورپی حکام کو بین الاقوامی آبی وسائل کو ہتھیار بنانے کے عالمی مضمرات سے آگاہ کیا۔جمعہ کو سفارتخانہ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یورپی یونین کی قیادت کو جنوبی ایشیا میں بگڑتے ہوئے علاقائی سلامتی کے ماحول بالخصوص بھارت کے حالیہ یکطرفہ اقدامات کے تناظر میں تفصیلی بریفنگ دی ۔

انہوں نے بھارت کی جانب سے کئے گئے جارحانہ اقدامات پر پاکستان کی شدید تشویش سے آگاہ کیا۔ وفد نے واضح کیا کہ بھارت نے جھوٹ پر مبنی بیانیہ سے حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی ۔وفد نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے حوالے سے پاکستان کی گہری تشویش سے بھی آگاہ کیا۔ وفد نے یورپی حکام کو بین الاقوامی آبی وسائل کو ہتھیار بنانے کے عالمی مضمرات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اقدامات سے نہ صرف علاقائی ماحولیاتی نظام کو خطرہ ہے بلکہ آبی سفارت کاری سے متعلق بین الاقوامی اصولوں کی سالمیت کو بھی خطرہ ہے۔دونوں فریقوں نے یورپی یونین کے سٹریٹجک انگیجمنٹ پلان کے تحت موجودہ ڈائیلاگ اور تعاون کے طریقہ کار کے ذریعے خارجہ پالیسی اور سلامتی کے امور پر یورپی یونین پاکستان کی شمولیت کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔