اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):چیئرمین پیپلز پاٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی مشن کی کامیابی کے بعد وطن واپسی پر پارٹی نے اسلام آباد میں خیرمقدمی بینرز لگا دیے ہیں۔
سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیئر حسین بخاری ،پارٹی کے ممبران قومی اسمبلی اعجاز جاکھرانی و آغا رفیع اللہ اور پارٹی لیڈر نعیم اسلم کیانی کی جانب سے شاہراہ دستور ڈی چوک اسلام آباد کو خیر مقدمی بینرز سے سجا دیا گیا۔
اسلام آباد ایئر پورٹ روڈ اور مختلف سڑکوں اور شاہراہوں پر بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ منگل کو پیپلزپارٹی سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل پی پی پی پی سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی محاذ پر پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا ،
انہوں نے واشنگٹن، نیویارک ،لندن اور برسلز میں عالمی رہنمائوں کے سامنے پاکستان کا موقف ٹھوس دلائل کےساتھ اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری خارجہ محاذ پر پاکستان کی موثر اور توانا آواز ہیں،کثیر الجماعتی پارلیمانی وفد نے بلاتعطل خدمت ملک و ملت کا فرض نبھایا ہے۔