چیئرمین پیڈمک کی زیرصدارت میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 168واں اجلاس

78

لاہور۔11فروری (اے پی پی):چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 168واں اجلاس منعقد کیا گیا۔بورڈ نے قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت میں 4کروڑ 21لاکھ روپے سے مختلف سڑکوں کی بحالی اور ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں 24کروڑ 49 لاکھ روپے کی لاگت سے سیوریج پانی کی نکاسی کیلئے نئی پائپ لائن ڈالنے کی منظوری دی۔پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود اور سپیشل سیکرٹری صاحبزادی وسیمہ عمر نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔ بورڈ اجلاس میں بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں بارشی پانی کے نکاس کیلئے6کروڑ روپے کی لاگت سے ڈرینج سسٹم تعمیر کرنے، قائداعظم بزنس پارک کے داخلی دروازوں کے ڈیزائن اور پارک میں بجلی کے کنکشنز کیلئے متعلقہ سامان کی فراہمی کا کنٹریکٹ جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔

بورڈ نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں سولر انرجی اور نیٹ میٹرنگ پالیسی میں ترامیم کی منظوری دی جبکہ رحیم یار خان، بھلوال اور وہاڑی انڈسٹریل اسٹیٹ میں عمارت کی اونچائی 120میٹر تک بڑھانے کی اجازت دے دی۔بورڈ نے 167ویں اجلاس کی کارروائی کی بھی منظوری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیڈمک نے کہا کہ صنعتکاروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ صنعتی زونز کی آبادکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صوبے کی صنعتی و معاشی ترقی میں اپنا موثر کردار ادا کیا جا سکے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں شہزاد اعظم خان، ساجد سلیم منہاس، ڈاکٹر شاہد رضا، میاں نعمان کبیر، سی ای او پیڈمک کپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، سی او او علی معظم سیدسمیت محکمہ پی اینڈ ڈی، خزانہ اورٹیوٹا کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔