لاہور۔11فروری (اے پی پی):چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری و تجارتی بورڈ محمد منتہا اشرف اور گو پٹرولیم کے سربراہ خالد ریاض کے درمیان منگل کے روز یہاں ایک اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں گو پٹرولیم کے ذریعے سعودی عرب کی معروف توانائی کمپنی آرامکو اور مشہور کھانے کے برانڈ البیک کو پاکستان میں متعارف کرانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ آرامکو نے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ میں چالیس فیصد شراکت حاصل کرلی ہے،جو پاکستان میں ایندھن کی مارکیٹ میں اس کی پہلی سرمایہ کاری ہے۔یہ اقدام آرامکو کی عالمی وسعت کی حکمت عملی کا حصہ ہے جبکہ توانائی کے شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
اس کے علاوہ البیک فوڈ سسٹم کمپنی نے گو پٹرولیم کے ساتھ ایک مفاہمتی معاہدہ کیا ہے تاکہ پاکستان میں البیک کے مراکز کے قیام اور ان کے انتظامات پر غور کیا جا سکے۔اپنے منفرد فرائیڈ چکن کے لیے مشہور البیک کی آمد پاکستانی عوام کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے۔چیئرمین پی بی آئی ٹی محمد منتہا اشرف نے خالد ریاض کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گو پٹرولیم، آرامکو اور البیک کے درمیان شراکت داری پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔یہ اقدامات نہ صرف ہمارے توانائی کے شعبے کو بہتر بنائیں گے بلکہ ہمارے کھانے پینے کی صنعت کو بھی وسعت دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری و تجارتی بورڈ ایسی اسٹریٹجک شراکت داریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جو پنجاب اور پاکستان بھر میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کے استحکام میں معاون ثابت ہوں گی۔