اسلام آباد ۔ 19 جنوری (اے پی پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ملک میں سپورٹس کلچرل پروان چڑھانا ضروری ہے، کسی ملک میں حکومت کے پیسوں سے کھیلیں نہیں چل سکتیں، پی سی بی کی طرح دیگر سپورٹس اداروں کو بھی اپنی آمدنی پیدا کرنا ہو گی، ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے ہم ہر ملک کے کرکٹ بورڈ سے پاکستان میں سیریز کھیلنے کیلئے بات کر رہے ہیں، ایک بار جو کھلاڑی پاکستان آئے گا وہ دوبارہ بھی ضرور آئے گا، جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ابھی جاری ہے اسلئے کپتان سے متعلق بات کرنا مناسب نہیں، دورہ جنوبی افریقہ ختم ہونے کے بعد مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو چوتھے آسٹریلین ہائی کمیشن، پی سی بی گرلز کرکٹ کپ کے انعقاد کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچیوں کا کھیلنا بہت ضروری ہے، ہم کھیلنے والی بچیوں کو سراہتے ہیں، ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے سپورٹس کلچر کو بحال کرنا ہو گا۔