چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا پاکستان جونیئر لیگ کرانے کا اعلان

46
رمیز راجہ

کراچی۔29جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) کرانے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے ہفتہ کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ میں 30کمپنیوں نے اظہاردلچسپی ظاہر کیاہے، امید ہے پاکستان جونیئر لیگ بہت کامیاب ہوگی، لیگ کے لیے شاہدآفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی آئیکون ہوں گے جبکہ سابق کپتان جاویدمیاندادکو بھی جونیئر لیگ میں شامل کیا گیا ہے اور وہ اس کو سپروائز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی پہلا بورڈہے جو جونیئر لیگ کرارہا ہے، اس میں 6 فرنچائز کے لیے 30کمپنیاں تیار ہیں۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ13سال بعد نیشنل اسٹیڈیم کی پچز کے اسکوائر پر کام کیا جارہا ہے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پیچز کی خامیاں سامنے آئی ہیں۔ رمیز راجہ نے بتایا کہ سابق کپتان جاوید میاندادکو پاکستان جونیئر لیگ کا مینٹور جبکہ اسٹار آلرائونڈرز شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی کو پی جے ایل کے ابتدائی ایڈیشن کے لیے ٹیموں کا مینٹورز مقرر کردیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ انہیں شاہد آفریدی، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی جیسے معروف ستاروں کو پی جے ایل کی ٹیموں کا مینٹورز مقرر کرنے پر بہت خوشی ہے۔یہ تینوں کھلاڑی نوجوان نسل کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتے ہیں، انہوں نے اپنی انتھک محنت سے دنیا بھر کے میدانوں میں شاندار کامیابیاں سمیٹ کر یہ مقبولیت حاصل کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرن سیمی، شاہد آفریدی اور شعیب ملک کی لیگ میں شرکت اس بات کی بھی تصدیق کرتی ہے کہ پی جے ایل ایک کامیاب ایونٹ ہوگا اور یہ مختلف انداز سے پاکستان کرکٹ کے معیار میں بہتری لانے کا سبب بنے گا۔

وہ پاکستان کرکٹ کے لیے نئے اثاثے تیار کرنا چاہتے ہیں اور پی جے ایل اسی منزل کی جانب بڑھتا ایک بڑا قدم ہے۔رمیز راجا نے مزیدکہا کہ کرکٹ کا رواں سیزن سب سے مصروف سیزن ہے، ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے علاوہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں۔