چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا کراچی ٹیسٹ میں ٹیم کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار

45
رمیز راجہ

کراچی۔17مارچ (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کراچی ٹیسٹ میں ٹیم کی پرفارمنس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بہترین ٹیسٹ سے شائقین لطف اندوز ہوئے اور ٹیسٹ میچ کی خوبصورتی نظر آئی، بابر اعظم نے پریشر میں اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی اور عبداللہ شفیق کی شکل میں ہمیں ایک اچھا سٹار ملا ۔

انہوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین نیشنل سٹیڈیم کراچی میں سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے پر اپنی جاری کردہ ویڈیو میں کہا کہ پوری ٹیم کا ایک ہی ہدف تھا کہ کسی صورت میچ نہیں ہارنا، ایسے میچز آپ کے کردار، اعصاب اور ٹیم کا امتحان لیتے ہیں، پاکستان کو دو دن کھیلنا تھا اور انہوں نے کھیل کر دکھایا۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں تحمل کا مظاہرہ کرنا ہوتا ہے، آنکھ اوجھل نہیں کرسکتے، آسٹریلیا نے بھی آخری وقت تک دبائو رکھا اور ہار نہیں مانی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی نظریں اس میچ پر جم گئی تھیں جبکہ بابر اعظم نے پریشر میں اپنے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی اور عبداللہ شفیق کی شکل میں ہمیں ایک اچھا سٹار ملا ، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ رضوان نے ٹیل کے ساتھ بہت اچھی کرکٹ کھیلی، امید ہے آخری ٹیسٹ میں حوصلے کے ساتھ کم بیک کریں گے

۔رمیزراجہ نے کہا کہ اس ٹیسٹ کی کارکردگی سے پاکستان کے حوصلے بلند ہوئے ہوں گے۔یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کراچی میں کھیلے جانے والا دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوا،آسٹریلیا کے 506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 7 وکٹوں پر 443 رنز بناسکی۔