چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے میئر کراچی کی ملاقات،کراچی میں سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ

108
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے میئر کراچی کی ملاقات،کراچی میں سہ ملکی سیریز اور چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ

لاہور۔8فروری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)محسن نقوی سے میئر کراچی مرتضی وہاب نے ملاقات کی ، ملاقات میں کراچی میں سہ ملکی کرکٹ سیریز اور چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میچز کے انعقاد اور شائقین کرکٹ کی سہولت کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

چئیرمین پی سی بی نے کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کرکٹ ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لیے بھرپور تعاون پر مئیر کراچی مرتضی وہاب کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی اور میئر کراچی مرتضی وہاب نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ بھی دیکھا۔مئیر کراچی مرتضی وہاب نے ریکارڈ مدت میں قذافی سٹیڈیم مکمل کرنے پر چیئرمین محسن نقوی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ واقعی محسن سپیڈ کرکٹ میں نظر آ رہی ہے۔

ویل ڈن محسن نقوی صاحب۔ انتہائی شاندار معیاری قذافی سٹیڈیم دیکھ کر دل خوش ہو گیا ۔ قذافی سٹیڈیم کو دنیا کا خوبصورت ترین سٹیڈیم بنانے کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے۔مرتضی وہاب نے قذافی سٹیڈیم کی رنگارنگ افتتاحی تقریب پر بھی چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کو مبارکباد دی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ 10 اکتوبر سے 7 فروری تک کے کٹھن اور پیچیدہ کام کا خوبصورت اور یادگار اختتام ہوا۔اس سفر میں میرے شانہ بشانہ چلنے والے ہر شخص کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔اللہ تعالی کا جتنا بھی شکر ادا کروں کم ہے۔