راولپنڈی۔6مارچ (اے پی پی):چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے پی ایس ایل فرنچائز مالکان اور نمائندوں نے ملاقات کی ، فرنچائزز کی نمائندگی ملتان سلطانز کے مالک علی ترین، لاہور قلندرز کے عاطف رانا اور سمین رانا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کی ، فرنچائز مالکان نے محسن نقوی کو چیئرمین پی سی بی کے عہدے کی مبارکباد دی
، چیئرمین پی سی بی نے پی ایس ایل میں مسلسل تعاون اور لیگ کو ایک برانڈ بنانے پر فرنچائز مالکان کا شکریہ ادا کیا ، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کی پہچان ہے ، پی ایس ایل کو مزید خوب سے خوب تر بنانے میں آپ کی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا
، انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے فروغ کے لئے قابل عمل تجویز پر عملدرآمد کریں گے ، فرنچائز مالکان نے چیئرمین پی سی بی کو پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے لاہور اور ملتان میں میچز کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی دی ، اس موقع پر پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، لیگ کمشنر نائلہ بھٹی اور ڈائریکٹر پاکستان سپر لیگ صہیب شیخ بھی موجود تھے ۔