چیئرمین پی سی بی کا فائنل سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ یکم اپریل سے کراچی میں ویسٹ انڈیز سے ہونے والی سیریز بھی عالمی کرکٹ کی بحالی کے لئے خوش آئند ہے،نجم سیٹھی

56

کراچی ۔ 23 مارچ (اے پی پی) چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل سیزن تھری فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں فائنل کروانے کا وعدہ کیا تھا وہ پورا کررہے ہیں،مجھ پر یقین کریں جو کہتا ہوں وہ کرتا ہوں ایک خوشخبری پوری کردی اور دوسری خوشخبری آئندہ سال ملے گی۔جمعہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے25مارچ2018ءکو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل 3 کے فائنل کی تیاریوں کا جائزہ لینے اسٹیڈیم پہنچے اس موقع پرمیڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ آئندہ پی ایس ایل کے آدھے میچ پاکستان میں کروائیں گے۔نجم سیٹھی نے نیشنل اسٹیڈیم میں انکلوژر سمیت سیکیورٹی روم، ڈریسنگ روم اوراسٹیج کی تیاری کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کراچی میں فائنل کروانے کا وعدہ کیا تھا جواس سال پورا کررہے ہیں، پاکستان سپر لیگ سیزن 3 کے فائنل کے انعقاد سے کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ بحال ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے کہ آئندہ سال پی ایس ایل 4 کے آدھے میچ پاکستان میں ہی کھیلے جائیں۔