چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدار کی ہوس میں ملک کے خلاف سازشیں کیں، پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سو ڈیمز بنانے کی بجائے لوگوں کو بے وقوف بنایا، وفاقی وزیر اطلاعات کا ریڈیو پاکستان پشاور میں تقریب سے خطاب

115
چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدار کی ہوس میں ملک کے خلاف سازشیں کیں، پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سو ڈیمز بنانے کی بجائے لوگوں کو بے وقوف بنایا، وفاقی وزیر اطلاعات کا ریڈیو پاکستان پشاور میں تقریب سے خطاب

پشاور۔11جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی توڑ پھوڑ، جلائو گھیرائواور تشدد کی سازشیں بے نقاب ہو چکی ہیں، اس فارن ایجنٹ نے اقتدار کی ہوس میں ملک کے خلاف سازشیں کیں، 9 مئی کا سیاہ دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو جلایا، پی ٹی آئی حکومت نے ساڑھے تین سو ڈیم بنانے کی بجائے لوگوں کو بے وقوف بنایا، خیبر پختونخوا میں ان کی اپنی حکومت نے احتساب کمیشن کو تالا لگا دیا تھا، شہریوں کو سینما ہائوسز تک سستی رسائی کو یقینی بنا رہے ہیں، محمد نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریڈیو پاکستان پشاور کی جلی ہوئی عمارت کی بحالی اور تزئین و آرائش کے کام کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن ایجنٹ نے ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی، سی پیک منصوبہ روکنے کے لئے اس نے چین کے صدر کے دورہ پاکستان میں بھی رکاوٹیں کھڑی کی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ نااہل، چور کو پچھلے سال اپریل میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تحریک عدم اعتماد کے ذریعے پارلیمان سے باہر پھینکا گیا۔ اس سیاسی یتیم نے اقتدار کی ہوس اور اپنی کرپشن اور چوری سے نظریں ہٹانے کے لئے پہلے سائفر لہرایا، جب یہ سازش ناکام ہوئی تو اس نے 25 مئی کو حالات خراب کئے، لانگ مارچ کا اعلان کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جب پولیس وارنٹ لے کر زمان پارک پہنچی تو اس نے پولیس پر پٹرول بموں سے حملے کئے، پولیس اور رینجرز کی گاڑیاں جلائیں۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ چوری، 190 ملین پائونڈ کی چوری، القادر ٹرسٹ اور ممنوعہ فنڈنگ کا حساب دینے کی بات آئے تو یہ بالٹی اور ڈسٹ بن رکھ کر پاکستان کی عدالت میں جاتا ہے کہ میری چوری، کرپشن اور اعمالوں کا مجھ سے جواب نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسا سیاہ دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ اس نالائق، نااہل، فارن ایجنٹ کے ساتھ جڑا رہے گا۔ اس دن ریڈیو پاکستان کی چار منزلہ عمارت کو پٹرول پھینک کر آگ لگائی گئی اور دو دن تک یہ یہاں حملے کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ یہاں ریڈیو پاکستان کے تمام آرکائیوز موجود تھے، چاغی پہاڑ کی علامت کو جلایا گیا، چوتھی منزل پر موجود اے پی پی کے دفتر کو بھی آگ لگائی گئی۔

انہوں نے ریڈیو پاکستان کے انجینئرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ان انجینئرز نے فوری طور پر ٹرانسمیشن کو بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پر حملہ آور وہی گھنائونے چہرے ہیں جنہوں نے پہلے پی ٹی وی پر حملہ کیا اور اب ریڈیو پاکستان کے آرکائیو کو جلایا جس پر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے اسٹوڈیو کی تزئین و آرائش کا آغاز ہو گیا ہے، وزیراعظم نے ہنگامی طور پر اسٹوڈیو کی بحالی کا حکم دیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ لاہور میں ریڈیو پاکستان کے اندر سینما کی بنیاد رکھی گئی ہے، اس اقدام کا مقصد پاکستان کے عوام کو سستی سینما رسائی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے اندر بہت ہی مشہور سینما ہائوسز تھے جہاں نوجوان اپنی ثقافت سے مستفید ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں ریڈیو پاکستان کی سروسز کے اندر سینما گھر بنائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کی تاریخ کا موسیقی کا خزانہ ڈیجیٹل نیشنل آرکائیوز کے اندر سمویا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کے عوام اس سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بجٹ میں ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت کی تزئین و آرائش کے لئے رقم مختص کی ہے، اس میں خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت نے بھی اپنا حصہ ڈالا ہے جس پر خیبر پختونخوا حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کو تعمیر کرنے والی جماعت ہے جو اینٹ سے اینٹ جوڑتی ہے، جس نے ہمیشہ اتحاد، برداشت اور وفاق کی اکائیوں کو جوڑنے کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی جانب گامزن ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے فسادیوں نے پہلے ڈی چوک پر فساد مچایا، عمارتیں توڑیں، ان عمارتوں کو ہم نے دوبارہ بنایا، ہم پاکستان کو تعمیر کرنے والی جماعت ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ان تمام چیزوں کو بحال کریں گے اور اسے اپنی حالت میں بہتر کر کے پاکستان کے عوام کو دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی کیلئے سیکریٹری اطلاعات سہیل علی خان، ڈی جی ریڈیو طاہر حسن سمیت انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انجینئر امیر مقام نے میری حوصلہ افزائی کی، وہ میرے ساتھ آئے۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ڈٹ کر ان سازشیوں کی غنڈہ گردی کا مقابلہ کیا، پی ٹی آئی کے چار سالوں میں اس صوبے کے اندر ترقی کا ایک منصوبہ نہیں لگا، جہاں ساڑھے تین سو ڈیم بننے تھے وہاں لوگوں کو ڈیم فول بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہاں یونیورسٹیاں اور سکول بنانے کا وعدہ کیا تھا، یہ ہسپتال کے اندر ایک کمرہ تک نہیں بنا سکے۔ خیبر پختونخوا میں ان کی اپنی حکومت تھی اور یہاں احتساب کمیشن کو چار سال تک تالہ لگائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے 9 مئی کو شہداءکی یادگاروں کو جلایا، مسجدیں توڑیں، ایمبولینسیں جلائیں، سکول جلائے، ہسپتال جلائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ خیبر پختونخوا کی باوقار قوم کبھی بھی اس فتنے اور سازشی کو ووٹ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر میں حصہ ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیکریٹری وزارت اطلاعات سہیل علی خان اور ڈی جی ریڈیو طاہر حسین سے کہا ہے کہ جلد سے جلد یہاں کی علاقائی ثقافت اور ورثہ کو ڈیجیٹلائز کیا جائے تاکہ آئندہ آنے والے وقتوں میں کبھی بھی کوئی سانحہ ریڈیو پاکستان کے آرکائیوز کو نقصان نہ پہنچا سکے۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان پشاور کی بحالی کے کاموں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات سہیل علی خان، ڈی جی ریڈیو طاہر حسن سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔