اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن سے ڈی ایم او پاکستان کی سی ای او مدیحہ حمید اور گلوبل ڈیجیٹل انکلوژن پارٹنرشپ کے ریجنل لیڈ وقاص حسن نے ملاقات کی۔جمعہ کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جاری کر دہ بیان کے مطابق ڈی ایم او وہ واحد ایشیائی ادارہ ہے جسے ویمن ان ڈیجیٹل اکانومی فنڈکے تحت 10 لاکھ ڈالر کی گرانٹ دی گئی ہے، جو یو ایس ایڈ اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فائنڈیشن کا مشترکہ اقدام ہے۔
یہ ادارہ دو سالہ منصوبے کے تحت پاکستان میں صنفی ڈیجیٹل تفریق میں کمی کے حوالے سے کام کرے گا، جہاں صرف 26 فیصد خواتین کو انٹرنیٹ تک رسائی ہے جبکہ مردوں میں یہ شرح 47 فیصد ہے۔یہ منصوبہ 10,000 خواتین کو سرکاری کالجز میں ڈیجیٹل ہنر فراہم کرے گا، پاکستان میں 52 ملین واٹس ایپ صارفین کے لیے آن لائن سیفٹی چیٹ بوٹ فراہم کرے گا، اور 8 ملین سوشل میڈیا صارفین کے لئے سماجی رویوں میں تبدیلی کے لیے آگاہی مہم چلائے گا۔چیئرمین پی ٹی اے نے منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے پی ٹی اے کی جانب سے مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی اور ڈیجیٹل شمولیت اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اتھارٹی کے عزم کو اجاگر کیا۔