چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی سے عالمی تحریک حق خود ارادیت جموں و کشمیر کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی ملاقات

70

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):پاکستان پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر اور عالمی تحریک حق خود ارادیت جموں و کشمیر نے عالمی پارلیمانی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ جمعرات کو کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی اور عالمی تحریک حق خود ارادیت جموں و کشمیر کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کے درمیان ملاقات کے دوران ہوا۔ شہریار آفریدی نے راجہ نجابت حسین اور ان کی تنظیم کی جانب سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں رائے شماری کے انعقاد کے لئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ چیئرمین کشمیر کمیٹی نے کہا کہ کورونا وائرس وباءکی دوسری لہر کے باوجود کشمیر سے متعلق سفارتی اور آگاہی مہم کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کشمیر سے متعلق بھارتی بیانیہ کو چیلنج کرنے کے لئے جارحانہ اور منطقی سفارت کاری کے فروغ اور مسئلہ کشمیر پر ذاتی اور سیاسی مفادات سے ہٹ کر اتحاد کا مظاہرہ کرنے پر کی ضرورت پر زور دیا۔