اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی ) کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد سے پاکستان بھر کی جامعات میں کام کرنے والے ٹی ٹی ایس اساتذہ کی نمائندہ تنظیم ایپٹا کے عہدیداران نے ملاقات کی۔ملاقات میں صدرڈاکٹر یاسر شاہ ، نائب صدر ڈاکٹر تحسین عباس، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تنویر شہزاد، جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر سجاد حسین سمرا، فائنانس سیکرٹری ڈاکٹر ثمر عباس، انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر نعمان خان اور صوبوں کے ایگزیکٹو ممبران ڈاکٹر محمد حفیظ ایگزیکٹو ممبر اے جے کے، ڈاکٹر شہباز زکی ایگزیکٹو ممبر کے پی کے نے شرکت کی۔
ایپٹاکیبینٹ نےڈاکٹرمختار کی تقرری کوایچ ای سی اور یونیورسٹیوں کیلئے خوش آئند قراردیتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔اپٹا صدر ڈاکٹر یاسر شاہ نے چیئرمین ایچ ای سی سے ٹی ٹی ایس اساتذہ کے تمام مسائل حل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔ ملاقات میں یہ بات واضح کر دی گئی کہ ٹی ٹی ایس اساتذہ پاکستان کے تعلیمی اور تحقیقی ترقی میں ایک بہت بڑا کردار ہے۔ قلیل تعداد میں ہونے کے باوجود انکی کارکردگی مثالی ہے۔ خود ایچ ای سی کی مختلف ریویو کمیٹیاں اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں۔
چیرمین ایچ ای سی نے آپٹا ٹی ٹی ایس فیکلٹی کی کارکردگی کو موقع پر سراہا ۔ صدر آپٹا نے فیکلٹی کو تنخواہوں اور دوران ملازمت وفات پا جانے کی صورت میں مالی تلافی کے مسائل سے آگاہ کیا۔ مزید برآں اپٹا کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر تنویر شہزادنے ریسرچ پیپرز کے معیار کو جانچنے کے پیمانے ایچ جے آر ایس میں موجود مسائل کی نشاندہی کی۔
اور اپٹا کے مسائل کے حل کے لیے زور دیا۔ چیئرمین ایچ ای سی نے مکمل تعاون اور جلد تمام مسائل مل کر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔