اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے چکوال میں بی آ ئی ایس پی ڈسٹرکٹ آفس اور تحصیل آفس تلہ گنگ کا دورہ کیا۔چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو چکوال میں بی آ ئی ایس پی ڈسٹرکٹ آفس اور تحصیل آفس تلہ گنگ کا دورہ کیا۔اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے سروے اور کفالت وظائف کی رقم وصول کرنے کیلئے آنے والی مستحق خواتین سے براہ راست بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے آ فس میں موجود سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے بی آ ئی ایس پی عملے کو خواتین سے عزت سے پیش آنے کی ہدایت کی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ بی آ ئی ایس پی میں سروے کی کوئی فیس نہیں، سروے بالکل مفت ہے۔ سروے میں اندراج کے دوران اپنا وہ موبائل نمبر رجسٹر کروائیں جو آپ کے استعمال میں ہو۔ اپنی رقم پوری گن کر وصول کریں اور رسید لینا مت بھولیں۔ رقم سے کٹوتی کی صورت میں فوری شکایت کریں۔ کٹوتی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس دوران بی آ ئی ایس پی زونل ڈائریکٹر افتخار احمد نے چیئرپرسن روبینہ خالد کو ڈسٹرکٹ چکوال کی تمام تحصیلوں میں بینیفشریز کی تعداد و دیگر انتظامی امور پر بریفنگ دی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے دوردراز کے علاقوں سے تعلق رکھنے والی بینیفشریز کیلئے موبائل پیمنٹ کیمپ سائٹس اور بینک اکائونٹس کھولنے کی تجویز پیش کی۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق خواتین کی رجسٹریشن کے عمل کا جائزہ بھی لیا، سروے کرنے والے عملے کو گھرانے کی درست معلومات کے اندراج ، بزرگ اور حاملہ خواتین کا ترجیحی بنیادوں پر سروے کرنے کی ہدایات دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام خالصتاً غریبوں کی فلاح و بہبود کیلئے ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد کا خواتین کو رقم پوری گن کر وصول کرنے جبکہ بینک عملے کو کمپیوٹرائزڈ رسید فراہم کرنے پر زور دیا۔
قبل ازیں چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پی پی پی چکوال کے سیکرٹری جنرل راجہ مظہر حسین کی رہائشگاہ پر عوامی نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی آ ئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہے اور ایک مقدس ادارہ ہے۔ صدر مملکت، وزیراعظم اور پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو کی ہدایات ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹریشن اور ادائیگی مراکز پہ خواتین سے بدسلوکی اور کٹوتی کی شکایت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا ئیگا۔ پروگرام سے 1 کروڑ خاندان مستفید ہورہے ہیں۔
بینظیر ہنر مند پروگرام کے تحت مستحق خواتین اور ان کے گھرانوں کےافراد کی زندگیوں کو سکل ٹریننگ کے ذریعے بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ دنیا بھر میں سکلڈ لیبر کی ڈیمانڈ ہے۔ 2 سال سے پہلے دو بارہ سروے ممکن نہیں، جن بینیفشریز کو امداد وصول کرتے ہوئے 3 سال مکمل ہو چکے ہیں ان کیلئے دوبارہ سروے کروانا لازمی ہے۔
چیئرپرسن بینظر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ بی آ ئی ایس پی کی جانب سے میسج صرف 8171 سے کیا جاتا ہے ۔ جب تک 8171 سے میسج نہ آئے خواتین ادائیگی مراکز تشریف نہ لائیں۔ سروے کے دوران اپنا فعال موبائل نمبر رجسٹر کروائیں۔ آپ کا موبائل نمبر ہی ہمارا آپ سے رابطے کا واحد ذریعہ ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=589048