31.6 C
Islamabad
منگل, مئی 20, 2025
ہومقومی خبریںچیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی چیف سیکر ٹری...

چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی چیف سیکر ٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔19مئی (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کو کراچی میں چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی جس میں صو بہ میں بی آئی ایس پی کی افادیت بڑھانے اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات میں متعدد اہم پہلوئوں پر غور کیا گیا جن میں بی آئی ایس پی کے ادائیگی مراکز پر سکیورٹی اور لاجسٹکس کے انتظامات کو موثر بنانے پر زور دیا گیا تاکہ مستحق خواتین کو رقوم کی تقسیم بغیر کسی تاخیر کے یقینی بنائی جا سکے۔ اجلاس میں سندھ حکومت اور بی آئی ایس پی کے عملے کے درمیان مربوط حکمت عملی اور مشترکہ اقدامات کو یقینی بنانے پر بھی گفتگو ہوئی تاکہ ادائیگیوں کے دوران درپیش شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔

مزید برآں سندھ بھر میں بی آئی ایس پی دفاتر کے قیام کے لیے مناسب سرکاری اراضی کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ موثر سروس ڈیلیوری اور مستحقین تک آسان رسائی ممکن بنائی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سندھ حکومت کے مجوزہ ہاؤسنگ منصوبے میں بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین کی شمولیت کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی جس کا مقصد کمزور طبقات کو باعزت اور سستی رہائش کی فراہمی ہے۔

- Advertisement -

چیف سیکرٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو صوبائی حکومت کی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ بی آئی ایس پی کے سماجی تحفظ کے اقدامات میں مکمل شراکت داری جاری رکھے گی تاکہ پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے سندھ میں سماجی و اقتصادی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے بین الاداراتی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا اور تعاون پر مبنی طرزِ حکمرانی کے فروغ میں چیف سیکریٹری سندھ کے متحرک کردار اور عزم کو سراہا۔ملاقات ایک مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی جس میں صوبے کے پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598882

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں