سرگودھا ۔ 02 جون (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج بھیرہ میں بی آئی ایس پی کے تحصیل آفس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بھیرہ آمد پرعوام نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کا پُرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن بھی اُن کے ہمراہ موجود تھے۔
افتتاحی تقریب میں پارٹی رہنماؤں اور مستحق خواتین کی ا یک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ نئے قائم ہونے والے آفس کا مقصد علاقے میں مستحق خواتین کی رجسٹریشن اور ادائیگی سے متعلق سہولیات ان کی دہلیز کے قریب فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدام بی آئی ایس پی کےعزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہر مستحق خاتون تک پہنچنا اور اسے باوقار انداز میں امداد فراہم کرنا بی آئی ایس پی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ یہ پروگرام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہے۔
اس پروگرام کوعملی جامہ پہنانے کا سہرا صدر آصف علی زرداری کو جاتا ہے بی آئی ایس پی کی خوبصورتی ہے کہ یہ خاتون خانہ کو گھر انے کی سربراہ کے طور پرنامزد کرتا ہے۔ اس وقت تقریبا 1 کروڑ خاندان بی آئی ایس پی سے مستفید ہورہے ہیں۔ یہ انکم سپورٹ پروگرام ہے جو مستحق گھرانوں کے مالی اخراجات اور آمدنی کے درمیان خلاء کو پُر کرنے کا کام کرتا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات کے مطابق مستحق خواتین کو شفاف اور باعزت انداز میں مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی بی شہید فرمایا کرتی تھیں کہ "ہنر آپ کا سرمایہ ہے”، اور اسی وژن کے تحت بینظیر ہنرمند پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے تاکہ مستحق خاندانوں کو فنی تربیت فراہم کر کے خودمختار بنایا جا سکے اور وہ ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی میں سروے کی کوئی فیس نہیں ہے،سروے کیلئے اپنا قومی شناختی کارڈ، بچوں کا ب فارم ، بجلی کا بل اور زیر استعمال موبائل نمبر ساتھ لانا ضروری ہے۔
سینیٹر روبینہ خالد نے "بینظیر نشوونما پروگرام” کے تحت حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں اور ان کے دو سال سے کم عمر بچوں کو غذائیت سے بھرپور خوراک اور مالی معاونت کی فراہمی کا بھی ذکر کیا تاکہ بچوں میں اسٹنٹنگ کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ "بینظیر تعلیمی وظائف پروگرام” کے تحت 70 فیصد حاضری کی شرط پر بچوں کو وظائف دیے جاتے ہیں، جن میں بچیوں کے لیے اضافی رقم رکھی گئی ہے تاکہ لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دیا جا سکے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ تمام سرکاری پیغامات صرف 8171 کے ذریعے بھیجے جاتے ہیں۔ "دوسرے نمبروں یا ذرائع سے موصول ہونے والے کسی بھی پیغام پر ہرگز یقین نہ کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کسی قسم کی کرپشن کی شکایت موصول ہوئی تو سخت اور فوری کارروائی کی جائے گی۔
قبل ازیں، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ندیم افضل گوندل چن نے بھیرہ میں بی آئی ایس پی تحصیل آفس کے افتتاح پر سینیٹر روبینہ خالد اور بی آئی ایس پی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=604278