اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ڈاکٹرمحمد امجد ثاقب نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اہم اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں بیوائوں کے پروگرام میں اندراج، نوعمر بچوں کی نشوونما میں شمولیت، بی آئی ایس پی بچت سکیم اور بینظیر سماجی تحفظ اکائونٹس شامل تھے۔اجلاس کے دوران ڈاکٹر امجد ثاقب نے بی آئی ایس پی کے تحت غریب گھرانوں کی خدمت کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے ڈیجیٹل خواندگی اور مالی شمولیت پر زور دیتے ہوئے ضرورت مند خواتین کے لیے بینک اکائونٹ کھولنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے اجلاس کے دوران ایجنڈہ آئٹمز کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ مختلف ونگز کے ڈائریکٹر جنرلزنے بھی چیئرپرسن ڈاکٹر امجد ثاقب کو زیر بحث موضوعات پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ڈی جی این ایس ای آر/سی سی ٹی نوید اکبر نے بریفنگ میں بتایا کہ بی آئی ایس پی سماجی تحفظ اکائونٹس کے تحت اکائونٹس کھولنے کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے، مجموعی طور پر 9,800 اکائونٹس کھولے گئے ہیں۔
مزید برآں بی آئی ایس پی بچت سکیم کے تحت اب تک 6,700 درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ 8,900 بیوائوں کے ڈیٹا کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مالی خواندگی پروگرام کے تحت 13 اضلاع میں 4000 ضرورت مند خواتین کوکامیابی سے ٹریننگ فراہم کی جاچکی ہے۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ فیلڈ دفاتر کے عملے کو بھی ٹریننگ دی جائے تاکہ وہ سماجی تحفظ اکائونٹس کے حوالے سے خواتین کی رہنمائی کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ان لوگوں کی شناخت کی جائے جن کے اکائونٹس پہلے سے موجود ہیں۔ انہوں نے حکام کو جنوری کے آخر تک تمام اکائونٹس کو فعال بنانے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد طاہر نور، ڈی جی فنانس وسیم احمد، اور ڈی جی او ایم ڈاکٹر عاصم اعجازنے شرکت کی جبکہ بی آئی ایس پی کے زونل ڈائریکٹر جنرلز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔